بالائی چترال میں مزید گلیشئرز پھٹنے کا خدشہ، الرٹ جاری


چترال: خیبر پختونخوا کے دورافتادہ ضلع چترال کے بالائی علاقے میں  درجہ حرارت بڑھنے کے سبب مزید گلیشئرز پھٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا۔

چترال کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات سے متعلق مدد فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے مراسلہ میں کہا ہے کہ گرمی کی شدت بڑھنے سے بالائی علاقے یارخون  میں گلیشئر پھٹنے کاخدشہ ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں سے حفاظتی اقدامات کرنےمیں مدد فراہم کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: چترال: ہوٹل کی تیسری منزل کی بالکونی گرنے سے 5 افراد جاں بحق

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ چترال میں آنے والے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دورافتادہ وادیوں میں جانے سے گریز کریں۔ ضلعی انتظامیہ نے ضروری احتیاطی تدابیر اپنانے اور ایمرجنسی اسٹاف کی دستیابی سے متعلق بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی کے دوسرے ہفتے میں  ضلع چترال میں سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے تھے جبکہ گولین کے علاقے سے  45 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

این ڈی ایم  اے کے مطابق ایک ہزار کلو راشن متاثرین میں تقسیم کیا گیا ہے اور مریضوں کو ضروری ادویات بھی پہنچائی جارہی ہیں۔


متعلقہ خبریں