کیمبرج کا او اور اے لیول کے طلبہ کے گریڈز بڑھانے کا فیصلہ


کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے پاکستان میں اے اور اول لیول کے نتائج میں ڈاؤن گریڈ کیے گئے طلبہ کے نتائج واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے اور جلد نئے گریڈزکا اعلان کیا جائے گا۔

کیمبرج کی جانب سے جاری کردہ جو گریڈ متوقع گریڈ سے کم ہوں گے وہ واپس لے کر اسکولوں کے بھجوائے گئے گریڈز کو حتمی سمجھا جائے گا۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہاہے کہ ہماری انتھک کوششیں رنگ لے آئیں ۔کیمبرج کا مسئلہ حل ہوگیا۔

شفقت محمود نے بتایا کہ کیمبرج نے او اور اے لیول کے طلبہ کے گریڈز بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جون 2020 کے گریڈز سکولوں کے بھیجے گئے گریڈز سے کم نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے جو گریڈز جاری کیے گئے تھے ان میں سے سب سے زیادہ گریڈز برقرار رہیں گے اورکم گریڈز کو بڑھا دیا جائے گا۔

کم گریڈز ملنے پر اے لیول اور اولیول کے طلبہ و طالبات نے بینرز اور پوسٹرز اٹھاکر لاہور میں احتجاج بھی کیا تھا۔

مظاہرین نے امتحانی نتائج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ طلبہ کا کہناتھا کہ کورونا کیوجہ سے پالیسیاں تبدیل کی گئیں لیکن اس سے میرٹ پر آنے والے طلبہ کا حق مارا گیا۔

انٹربورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی) نے کم گریڈ کی شکایت پر نجی تعلیمی اداروں سے او اور اے لیول کا ڈیٹا بھی طلب کیا تھا۔

دوسری جانب برطانیہ میں بھی طلبہ کے احتجاج کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ کیمبرج کے تحت لیے گئے امتحانات میں طلبہ کو گریڈز ان کے اساتذہ کے تشخیص کردہ گریڈز پر دیئے جائیں گے۔ یہ فیصلہ برطانیہ میں طلبہ کے اس وقت احتجاج کے بعد کیا گیا جب امتحانات میں تقریباً 40فیصد نتائج کم کردیئے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں