دو سال میں حکومت بڑی ناکامیوں سے دورچار ہوئی، ترجمان ن لیگ


اسلام آباد: ترجمان پاکستان مسلم لیگ نواز مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مختصر ترین دور میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بڑی ناکامیوں سے دورچار ہوئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2سال میں ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال حکومت کی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کابینہ کی نیوزکانفرنس کے ذریعے جھوٹ بول رہی ہے۔ حکومت نے ملک کو کنگال کردیاہے۔ 2 سال پورے ہونے کے باوجود ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ خارجہ پالیسی ہو یا ملکی معاملات حکومت ناکام نظرآئی۔ دوسال میں معیشت کو تباہ کیاگیا۔ حکومت کہتی ہے ہم نے قرضہ نہیں لیا۔ عمران خان
واحد وزیراعظم ہیں جو نوٹس لیکر تباہی کرتے ہیں۔ جس قابلیت و ایمانداری کا دکھاوا کیا گیا وہ بے بنیاد تھا۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نواز شریف کے دور میں چینی 52 روپے کلو تھی۔ ملکی ایکسپورٹ آج کم ہے۔ اہلیت اورقابلیت کاجنازہ نکال دیاگیا۔ ملک میں ہرطرف مہنگائی اوربیروزگاری ہے۔ کوروناکو بیساکھی کے طورپراستعمال کیاجارہاہے۔

مزید پڑھیں: دو سالہ حکومتی کارکردگی پر کابینہ ارکان کا وزیراعظم کو خراج تحسین

اس سے قبل سربراہ عوامی نیشنل پارٹی اسفند یارولی خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دو سالہ دور میں  جمہوریت کے خلاف سازشوں میں تیزی آئی۔

پی ٹی آئی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر ایک بیان رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دو سالہ دور میں ملکی معیشت بدترین رہی

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں؟ دو سال کے دوران کوئی میگا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔پارلیمنٹ کو بے توقیر کردیا گیا۔

سربراہ اے این پی اسفندیارولی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دو سالہ دور میں  چینی کی اوسط قیمت فی کلو 40 روپے بڑھ گئی۔ مہنگائی پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو دو سال مکمل ہونے پر کارکردگی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق دو سال میں 28 ایکٹس بنے اور 39 آرڈیننس جاری ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس سے کوئی ریڈ لیٹر وزارت کو موصول نہیں ہوا۔ ای آفس نامی سافٹ ویئر تیار ہے لیکن فنڈزکی عدم دستیابی کے باعث کمپیوٹرز دستیاب نہیں۔


متعلقہ خبریں