پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا، وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا’ قائداعظم نے کہا تھا فلسطینیوں کو حق ملے تو اسرائیل کو تسلیم کریں گے، اسرائیل کے بارے میں پاکستان کا مؤقف واضح ہے‘۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطین کے بارے میں ہمیں اللہ کو جواب دینا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ دوسرے ممالک جو بھی کریں ہمارے مؤقف بالکل واضح ہے۔ پاکستان اسرائیل کو اس وقت تک تسلیم نہیں کرے گا جب فلسطین کا فیصلہ فلسطینیوں کی مرضی کے مطابق نہیں ہوتا۔ ان کی انصاف کے مطابق آبادکاری نہیں ہوتی۔ جو کہ فلسطینوں کا دو قومی نظریہ تھا کہ ان کو ان کی پوری ریاست ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جب ہم اسرائیل اور فلسطین کی بات کرتے ہیں تو کیا ہم خدا کو جواب دیں گے کہ ہم ان لوگوں کو جن پر ہر قسم کی زیادتیاں ہوئی ہیں، جن کے حقوق سلب کیے گئے ہیں، ان کو تنہا چھوڑ سکتے ہیں، اس بات کو میرا ضمیر تو کبھی بھی تسلیم نہیں کرتا‘۔

عمران خان نے کہا کہ فلسطین والا معاملہ ہی کشمیر کے ساتھ ہے، اس طرح تو ہمیں کشمیر کو بھی چھوڑ دیناچاہیے۔

انہوں نے سعودی عرب سے خراب تعلقات کے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ عمران خان نے کہا کہ مشکل وقت میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  دونوں ممالک کی اپنی خارجہ پالیسی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب سے پاکستان کے تعلقات بگڑنے کی افواہیں بالکل غلط ہیں۔ ہمارے سعودی عرب سے بہترین تعلقات ہیں، ہم سعودی عرب کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں‘۔


متعلقہ خبریں