سکھر: ذہنی مریض نے گھرکے 11افراد کو قتل کردیا



سکھر: صوبہ سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل پنوں عاقل میں ذہنی مریض نے اپنے ہی گھرکے 11 افراد کو قتل کردیا ہے۔

ایدھی ذرائع کے مطابق قتل کیے گئے افراد میں چھ خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔ واقعہ سکھر کینٹ تھانہ کی حدود میں پیش آیا۔

ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق مقتولین میں ملزم کی بیوی ،4 بیٹیاں اور3 بیٹے شامل ہیں۔ مقتولین میں ملزم کی بہو،پوتی اور پوتا بھی شامل۔ تمام بچوں کی عمریں ایک سے 4سال کے درمیان ہیں۔

شہر سے20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ملزم نے تمام افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کیا اور اس کے بعد گھر میں موجود تھا۔

مبینہ طور پر ذہنی مریض وہاب اندھڑ نامی شخص نے سوئے ہوئے افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔ علی الصبح ہمسائیوں کو تشویش ہوئی جس پر پولیس کو مطلع کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا ہے۔

مقتولین میں چار بچیاں بھی شامل ہیں جن کی شناخت اسرا، اقرا، صوبیہ اور حاجانی کے نام سے ہوئی ہے۔ علاقہ مکینوں اور مقامی پولیس کے مطابق ملزم نے سات سال قبل ذہنی تواز درست نہ ہونے کی وجہ سے اپنے بھائی کو بھی قتل کر دیا تھا اور آج کل ضمانت پر گھر آیا ہوا تھا۔

پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے اور پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پنو عاقل واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔


متعلقہ خبریں