نظام درست نہ ہوا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرنے میں آگے ہوں گے، فردوس شمیم نقوی


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ اگر نظام درست نہ ہوا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرنے میں سب سے آگے ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی جماعت کو زرداری کی جماعت نہیں بننے دیا۔ آصف زرداری نے ایک بڑی جماعت کو صرف سندھ کی جماعت بنا دیا۔

پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام میں تفرقہ ڈال دیا ہے اور سندھ کے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ان سے بدلہ لے رہی ہے۔ پیپلز پارٹی 12 سال میں سندھ کے عوام کو بنیادی سہولیات نہ دے سکی جبکہ پیپلز پارٹی کا دیا گیا 2013 کا نظام مکمل ناکام ہو چکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں نااہل کہنے والے پہلے اپنی اہلیت ثابت کریں۔ ایم کیو ایم لندن اور پیپلز پارٹی نے اداروں کو تباہ کیا جبکہ ایم کیوایم لندن کی باقیات اب بھی باقی ہیں اور امید ہے ایم کیو ایم پاکستان، ایم کیو ایم لندن کے لوگوں کو خود سے الگ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایک بی آر ٹی منصوبہ نہ بنا کر دے سکی اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ شہر کا کوڑا نہ اٹھا سکی۔ عمارتیں گواہی دیتی ہیں کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بدعنوانی کا گڑھ ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ کے اداروں کو خراب کرنے والوں میں مصطفیٰ کمال بھی شامل ہیں اور بانی ایم کیوایم نے مصطفیٰ کمال کو بدعنوانی کی سزا دی۔ میں مصطفیٰ کمال سے پوچھتا ہوں ادارے کیوں نہیں بنائے گئے ؟

یہ بھی پڑھیں: وفاق کراچی کے معاملات میں کیوں نہ آئے، مصطفیٰ کمال

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے درد کا مداوا کون کرے گا ؟ ہمیں مینڈیٹ ملا ہے اور کوئی کریڈٹ نہیں چاہیے وزیر اعلیٰ صاحب سارے اختیارات اور کریڈٹ آپ کا لیکن صرف اتنا بتا دیں کراچی کے مسائل کب حل ہوں گے ؟ ہم کریڈٹ لیے بغیر کراچی کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نفرت کی سیاست پر نہیں بلکہ سندھ کی اکائی پر یقین رکھتے ہیں۔ مستقل بنیادوں پر مسئلے کا حل چاہیے تو بااختیار بلدیاتی حکومت لانی ہو گی۔ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے اور اگر نظام درست نہ ہوا تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا محاصرہ کرنے میں سب سے آگے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں