معیشت بہتر کرنے کیلئے نوجوانوں کو اسٹیک ہولڈر بنانا ہو گا، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت بہتر کرنے کے لیے نوجوانوں کو اسٹیک ہولڈر بنانا ہو گا۔

وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کو کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعداد و شمار پر بریفنگ دی گئی۔ پروگرام کے تحت نوجوانوں میں رقم کی تقسیم کا عمل تیز کرنے پر مشاورت ہوئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چند دنوں میں 30 ہزار سے زائد نوجوانوں نے رقم کے حصول کے لیے درخواستیں دیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ رقم کی تقسیم کا عمل مزید تیز اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے کیونکہ کورونا کے ملکی معیشت پر منفی اثرات ختم کرنے کے لیے پروگرام بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت اوپر اٹھانے کے لیے نوجوانوں کو اسٹیک ہولڈر بنانا ہو گا اور نوجوانوں کو ہر وہ سہولت دیں گے جس سے وہ روزگار کے مواقع حاصل کریں۔

پروگرام کے حوالے سے مزید ہدایات دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پروگرام کے دوران رقم کی تقسیم کے عمل پر مکمل نظر رکھیں جبکہ شفافیت اور میرٹ کی کسی سطح پر بھی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم نے پروگرام میں اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کامیاب جوان پروگرام کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔

وزیراعظم نے پروگرام میں پیش رفت پر ماہانہ بریفنگ لینے کا بھی فیصلہ کیا اور معاون خصوصی عثمان ڈار کو ہر ماہ بعد جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

اس موقع پر عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے پہلے کسی حکومت نے سنجیدہ کوششیں نہیں کیں لیکن اب کامیاب جوان پروگرام سے 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کا دائرہ کار پہلے سے وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ نوجوانوں کے لیے آسان شرائط پر رقم کے حصول کا شاندار موقع ہے۔


متعلقہ خبریں