پنجاب:بارش کے باعث چھتیں گرنے سے15افراد جاں بحق



لاہور: پنجاب بھر میں بارش کے باعث چھتیں گرنے15افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

پھالیہ میں ماں اور چار بچے جان سے گئے، لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد دم توڑ گئے، چکوال میں مٹی کے تودے تلے دب کر تین افراد چل بسے، چنیوٹ میں گھر کی چھت گرنے سے پانچ سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔

اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برسے۔ موسلا دھار بارش سے جہلم، اور سوہاوہ کے برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی جس سے کئی دیہات کا شہر سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

وادی لیپا کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ شہری غیرضروری سفر سے اجتناب کریں۔

یہ بھی پڑھیں: جمعہ سے پیر، سندھ اور بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی

چکوال کلرکہار خوشاب روڈ کے قریب مٹی کا تودا گرنے سے تین مزدور لقمہ اجل بن گئے۔ سرگودھا میں چھتیں گرنے کے دو مختلف حادثات میں ایک بچہ جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔ چنیوٹ میں چھتیں گرنے کے تین واقعات میں ایک بچہ جاں بحق اور5 پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے متعدد علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، کراچی میں آج سے پیر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان۔

محکمہ موسمیات نے جمعہ سے پیر تک سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بے نظیر آباد، دادو، تھرپارکر، میرپورخاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ، لسبیلہ اور خضدار میں بھی بارش کی توقع ہے۔

بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو اور سبی میں بھی بارش کے قوی امکان ہے۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ن متعلقہ اداروں کو قبل ازوقت حفاظتی اقدامات کرنے کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔


متعلقہ خبریں