ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا لیے


پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے آخری مقابلے میں انگلینڈ نے پہلے روز اختتام پر چار وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا لیے۔

ساؤتھمپٹن کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گر گئی جب روری برنز ایک بار پھر شاہین شاہ کی گیند پر سلیپ میں کیچ دے بیٹھے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد ڈوم سیبلی اور زیک کراؤلی کے درمیان 62 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کا اختتام اس وقت ہوا جب سیبلی 22 کے انفرادی اسکور پر یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

انگلش کپتان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 29 کے اسکور پر نسیم شاہ کا شکار بنے جب کہ اولی پاپ کی وکٹ یاسر شاہ لے اڑے۔

127 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد کراؤلی اور بٹلر نے جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستانی گیند بازوں کو دباؤ میں ڈالے رکھا۔

اس دوران زیک کراولی نے سینچری اسکور کی جبکہ بٹلر بھی نصف سینچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔

پہلے روز کے اختتام پر کراؤلی 171 اور بٹلر 87 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دو جب کہ نسیم اور شاہین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ میزبان ٹیم انگلینڈ نے جیتا جب کہ دوسرا مقابلہ بارش کی وجہ سے ڈرا ہو گیا تھا۔

قومی ٹیم کےکپتان اظہر علی کہتے ہیں کپتان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہوں اور تیسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔

تیسرے ٹیسٹ میں  عابدعلی، اسد شفیق، فوادعالم، امام الحق اور کاشف بھٹی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاداب خان، شاہین افریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر حمید بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہرعلی کا کہنا تھا کہ فوادعالم ابھی تک پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔ موسم کی وجہ سےمشکلات ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں مشکل صورتحال کےباوجودبلے بازوں نےاچھی بیٹنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بولرزجونیئر ہیں اور ان میں تجربہ کی کمی ہے لیکن ہم پھر بھی سیریز برابر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ 17 اگست کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ  بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

ساؤتھمپٹن کے میدان میں کھیلے جانے والے بارش سے متاثرہ میچ میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 236 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلنے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

میچ کے تیسرے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث شروع نہیں ہو سکا تھا، امپائرزاورمیچ ریفریز نے 2 بارگراؤنڈ کا معائنہ کیا تاہم بارش اور گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث میچ اگلے روز تک کے لیے موخر کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں