سپریم کورٹ نے نادرا کو بیرون ملک سینٹرز برقرار رکھنے کی اجازت دے دی

نادرا

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے نادرا کو بیرون ملک دس سینٹرز برقرار رکھنے کی اجازت دے دی۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی کہ نادرا کی واجب الادا رقم ادا کی جائے۔

دوران سماعت چیئرمین نادرا عثمان مبین نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ دس ممالک میں نادرا سینٹرز کام کررہے ہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ عام انتخابات آرہے ہیں،حکومت کی جانب سے پیسوں کی عدم ادائیگی سے ادارے تباہ ہو سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا۔

تارکین وطن ووٹ سہولت کیس:

سپریم کورٹ میں تارکین وطن ووٹ سہولت کیس کی سماعت کے دوران ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر منشاد ستی پیش ہوئے۔

بنچ کے رکن جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ سسٹم ہیک ہونے پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہے؟

ڈاکٹرمنشاد ستی نے عدالت کو بتایا کہ سسٹم کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گے، مزید وقت دیا جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسا سسٹم چاہتے ہیں جسے تارکین وطن کی سہولت کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

کٹاس راج مندرازخود نوٹس:

سپریم کورٹ میں کٹاس راج مندرازخود نوٹس پرنجی سیمنٹ فیکڑی کے سی ای او عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے اگلی پیشی پرسابق سیکریٹری صنعت فیاض بشیر کو طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سیمنٹ فیکٹریوں نے پانی کے مسئلے کا کیا حل ڈھونڈا ہے؟

سپریم کورٹ نے یہ بھی معلوم کیا کہ کیا فیکٹری کا ٹیوب ویل لگانا قانونی تھا؟

عدالت کو وکیل مخدوم علی خان نے بتایا کہ بورنگ کے لیے کسی کی اجازت درکار نہیں ہوتی ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ متبادل پانی کابندوبست کرلیں، ماحولیاتی ایجنسی کا اجازت نامہ عدالت واپس لی سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں