اسلام آباد میں دن دیہاڑے قتل کا مقدمہ درج، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں دن دیہاڑے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئیں جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 تھانہ گولڑہ کی حدود میں 5 مسلح افراد نے شہری صفی اللہ کو گھر کے گیراج میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

شہری جان بچانے کے لیے گھر کا گیٹ پھلانگ کر گیراج میں داخل ہوا لیکن اس کے باوجود قاتلوں نے پیچھا نہ چھوڑا اور گھر میں گھس کر شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول پشاور کا رہائشی تھا اور واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد گاڑی اور ملزمان کی شناخت ہو گئی جبکہ ملزمان کے فنگر پرنٹس بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دے کر روانہ کر دیں ہیں۔

دو روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، ایس ایچ او معطل

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دو فریقین کے درمیان جائیداد تنازعہ کے باعث اکبر پورہ میں پیش آیا تھا اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے تاہم ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں