کراچی میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری


راولپنڈی: کراچی میں پاک فوج کی امدادی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں طوفانی بارش کے بعد پاک فوج کی امدادی ٹیمیں ریسکیو کے کاموں میں مصروف ہیں اور کراچی کے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے نتیجے میں سیلابی ریلے کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی جب کہ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی تھیں۔ شہر کے کچھ علاقوں میں نالے ابل گئے تھے اورگندا پانی کئی علاقوں کے گھروں میں داخل ہوگیا تھا جب کہ گلیاں تالاب کے مناظر پیش کررہی تھیں۔

ہم نیوز کے مطابق متعدد گاڑیاں انجن بند ہوجانے کے باعث پانی میں ڈوب گئی تھیں، بسیں خراب ہو کر ٹریفک کی روانی میں خلل کا سبب بن رہی تھیں اور موٹرسائیکل سوار اپنی بند گاڑیوں کو دھکا دے کر انہیں پانی سے نکالنے کی کوشش کررہے تھے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں ہوئی تھی جو 170 ملی میٹرریکارڈ کی گئی ہے جب کہ نیوکراچی میں 88 ملی میٹر اور ناظم آباد میں 85.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: پائپ لائن پھٹ گئی، شہر کو پانی کی فراہمی متاثر

گزشتہ روز شہر قائد میں ہونے والی بارش کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ درجنوں فیڈرز ٹرپ کر جانے کے نتیجے میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیوکراچی، لیاقت آباد، نصرت بھٹو کالونی، سہراب گوٹھ، سرجانی ٹاون، گلشن اقبال، گلشن حدید، رزاق آباد، کاٹھور اور گڈاپ سمیت دیگر کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں