کراچی: مسلسل دوسرے روز بھی موسلادھار بارش، بجلی غائب


کراچی: شہر قائد کراچی میں مسلسل دوسرے روز موسلادھار بارش نے شہر کو پانی پانی کردیا۔

شہر میں صبح سے شدید حبس اور گرمی تھی اس دوران شام میں یکدم  کالے بادلوں سے اندھیرا چھا گیا اور موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

سرجانی ٹاون، نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال،گلستان جوہر، شارع  فیصل، ائرپورٹ، صدر، آئی آئی چندریگر اور روڈ،سائٹ میں تیز بارش ہوئی۔

تیز بارش کے بعد مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے گھروں کو واپس جانے والے افراد کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری

محکمہ موسمیات  نے جمعرات تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری جانب بارشوں کےپیش نظر پولیس کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا ہے کہ زیرآب آنےوالےعلاقوں میں پولیس کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پولیس سےمدد حاصل کرسکتے ہیں۔

بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش نے شہریوں کے ناک میں دم کررکھا ہے۔

سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی،نیوکراچی، بھٹائی کالونی، گڈاپ، بلدیہ، ملیر اور پہلوان گوٹھ کے علاقوں میں چار گھنٹے سے بجلی بند ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نکاسی آب تک متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی ممکن نہیں۔ نارتھ ناظم آباد اور بفرزون میں بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہر میں درجہ حرارت بڑھنے کے بعد بجلی کی طلب دوہزار چارسو میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔


متعلقہ خبریں