کراچی: بجلی، نکاسی آب کے مسائل حل نہ ہو سکے، صورتحال گھمبیر



کراچی: دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی میں دو دن میں دو سو ملی میٹر سے زائد بارش کے بعد نکاسی آب اور بجلی کے فراہمی کی مسائل تاحال حل نہیں ہوسکے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سرجانی ٹاون، نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہرمیں تیزبارش ہوئی۔ شاہراہ فیصل، ایئرپورٹ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور سائٹ ایریا میں بارش ہوئی۔

بارش کے باعث نالوں میں طغیانی آگئی جس سے سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ اور ملحقہ علاقوں میں گندا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔سرجانی ٹاون اور اطرف کے علاقوں میں  پانی جمع ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہے۔

جمعہ کو ہونے والی بارش کے بعد یوسف گوٹھ اور نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی تا حال موجود ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج  ہوکر رہ گیا ہے۔ علاقے میں  گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہونے کےباعث بجلی منقطع ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی بھر جانے کی وجہ سے گھروں سے نکلنا مشکل ہے اور باہر آنے کی صورت میں واپس گھر میں جانا مشکل ہوجاتا ہے۔

پاکستان آرمی، سندھ رینجرز اور ایدھی رضاکاروں کی جانب سے ریلف آپریشن جاری ہے۔ نشیبی علاقے سے مدد مانگنے والے افراد کو ریسکیوکرکے دوسرے مقام پرمنتقل کیا جارہا ہے۔

بارش کے بعد کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ سرجانی ٹاؤن، بن قاسم سوسائٹی، بھٹائی کالونی، گڈاپ، بلدیہ، ملیر، کورنگی اور پہلوان گوٹھ کے مکین بھی بجلی سے محروم ہوگئے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے، پانی کی نکاسی تک متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی ممکن نہیں۔


متعلقہ خبریں