کوئی ہے جو کورونا ویکسین کی تیاری میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، امریکی صدر


واشنگٹن: امریکی صددر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ یا کوئی اور کورونا کے خلاف ویکسین لانے نہیں دے رہا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کو جان بوجھ کر تاخیر کا شکار کیا جا رہا ہے اور کوئی اس کے پیچھے ہے جو ویکسین میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ویکسین کا معاملہ 3 نومبر کے صدارتی انتخابات تک تاخیر کا شکار کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اسپیکر نینسی پلوسی امریکی صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کو سیاست زدہ نہ کیا جائے۔ دوائیاں مؤثر ہونے کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہیں وائٹ ہاؤس کے اعلامیوں پر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے ایسا بیان خطرناک اور ناقابل برداشت ہے۔

دو ہفتے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا کے ساتھ کورونا ویکسین کا معاہدہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی سائنسدان انتھونی فاوچی دسمبر تک کورونا ویکسین آنے کیلیے پرامید 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کے بعد کہا کہ امریکی دوا ساز کمپنی کے ساتھ کورونا ویکسین کی 100 ملین ڈوز کا معاہدہ ہوا ہے جو 100 ملین کورونا ویکسین تیار کر کے امریکی حکومت کے حوالے کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 دیگر دوا ساز کمپنیوں کے ساتھ بھی ہماری شراکت داری ہے جبکہ جولائی کے آخر سے امریکہ میں کورونا کیسز میں 20 فیصد کمی ہوئی ہے۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس بڑھ رہا ہے اور گزشتہ ہفتے فرانس اور جرمنی میں سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے جبکہ اسپین میں 113 اور برطانیہ میں 30 فیصد کورونا کیسز میں اضافہ ہوا۔


متعلقہ خبریں