ایوان فیلڈ ریفرنس: نواز شریف، مریم، صفدر کی اپیل بھی سماعت کیلئے مقرر

ایوان فیلڈ ریفرنس، نواز شریف، مریم، صفدر کی اپیل بھی سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز ،کیپٹن (ر) صفدر کی اپیل بھی یکم ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے کازلسٹ جاری کر دی۔ جس کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل پر سماعت کے لیے ہائی کورٹ کا خصوصی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی خصوصی بینچ کا حصہ ہوں گے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ضمانت پر ہیں جنہیں احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو قید و جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن(ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ جسے بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19 ستمبر کو معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

گزشتہ روز العزیزیہ ریفرنس میں بھی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی اپیل پر سماعت بھی یکم ستمبر کو ہو گی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی کیس کی سماعت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس، نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر

گزشتہ سال اکتوبر میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس کیس میں ضمانت ملی تھی۔ عدالت نے نوازشریف کی ضمانت 20 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی۔


متعلقہ خبریں