اسلام آباد: چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ جھوٹ اور پروپیگنڈے سے سی پیک کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ سی پیک میں ملازمتوں کے متعلق جھوٹ پرمبنی خبروں کو نظر انداز کیا جائے۔ سی پیک میں روزگار سے متعلق اشتہارات ویب سائٹ پر لگائے جائیں گے۔
Recently noticed attempts to subvert #CPEC by lies&propaganda stories about various aspects and individuals.Plz ignore all fake news/stories regarding jobs, projects/individuals.All job ads will be posted on our website/official Accts https://t.co/Wopjwvzc5s #CPECMakingProgress
— Asim Saleem Bajwa (@AsimSBajwa) August 23, 2020
عاصم سلیم باجوہ کا رواں برس کے آغاز میں کہنا تھا کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پیدا ہونے والے روزگار کے مواقعوں سے بھرپوراستفادہ حاصل کرے گا۔
سی پیک کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے کے نتیجے میں زراعت اور صنعت کے شعبے میں نئے روزگار کے کثیر مواقع پیدا ہوں گے۔
گزشتہ ماہ بھی سی پیک سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم باجوہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اس منصوبے پر کہیں بھی کام نہیں رکا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ایسٹ وے ایکسپریس وے پر کام ہو رہا ہے اور ڈی آئی خان سے ژوب تک سڑک کا کام ہورہا ہے جس سے اسلام آباد براہ راست ژوب سے منسلک ہوگا، اسلام آباد سے ڈی آئی خان تک سڑک بن رہی ہے۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے گزشتہ روز بھی پاکستان میں چین کے سفیر سے ملاقات کی تھی جس میں اہم معاملات پر بات چیت کی گئی۔ چینی سفیر نے سی پیک منصوبوں میں تیزی پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔