لاہور میں 9، 10 محرم کو انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ

Internet

فائل فوٹو


لاہور: پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں 9 اور 10 محرم الحرام کو انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

سی سی پی او لاہور کے مطابق جلوس کے راستوں پر موبائل سروس بھی جزوی طور پر معطل رہے گی جبکہ موبائل ڈیٹا اور ڈیوائسز پر انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔

واضح رہے کہ محرم الحرام میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ہر سال ہی موبائل سروس اور انٹرنیٹ سروس معطل کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے جبکہ 9 اور 10 محرم الحرام کو سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے جاتے ہیں۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے محرم الحرام کے لیے ضابطہ کار بھی جاری کر رکھا ہے جس کے مطابق مجالس اور جلوسوں میں کورونا ضابطہ کار پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجالس کی جگہ پر ہاتھ دھونے کا انتظام، سینیٹائزر، ٹشو، کوڑے دان رکھنا لازم ہے جبکہ مجالس، جلوس اور دیگر سرگرمیوں کے دوران شرکا اپنے پاس سینیٹائزر رکھیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے جلوس، ریلیوں میں تمام شرکا اور عزاداروں کا ماسک پہننا بھی لازمی ہے۔ مجالس میں صرف ان ذاکرین کو بیان کی اجازت ہو گی جن کا کورونا ٹیسٹ منفی ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام میں کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا انتباہ جاری

تنگ اور بند ہال، عمارتوں کے بجائے کھلی جگہ پر مجالس کا اہتمام کیا جائے اور مجالس کا دورانیہ ایک گھنٹے تک محدود رکھا جائے۔


متعلقہ خبریں