پنجاب: معاشی بدحالی کا شکار فنکاروں کی مدد کا دوسرا مرحلہ شروع

وقار النسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب حکومت نے معاشی بدحالی کا شکار فنکاروں کی مدد کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا۔ پہلے مرحلے میں اٹھارہ سو سے زائد فنکاروں کو امداد دی گئی تھی۔

اداس چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے امن کے سفیر ثقافتی سرگرمیوں کی بندش کے باعث پریشانی کا شکار ہیں، لاک ڈاؤن تو ختم ہو گیا لیکن فن کے میدان تاحال مکمل طور پر  آباد نہیں  ہو سکے۔

اس مشکل صورت حال میں محکمہ ثقافت پنجاب نے فنکاروں کی مدد کرنے کی ٹھان لی اور نئے مالی سال میں فنکاروں کی امداد کے لیے آٹھ کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت فنکاروں سے محبت کرے ان کے ساتھ ”فنکاری“ نہ کرے، شجاعت حسین

ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل ثمن رائے نے ہم نیوز سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہم نے کورونا وائرس کے حالات میں فنکاروں کی عمر کی قید میں بھی رعایت دی، اب نئی درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔

پہلے فیز میں اٹھارہ سو سے زائد فنکاروں کی امداد کی گئی جب کہ دوسرے  فیز میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے اشتراک سے نئی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

پچاس سال سے زائد عمر کے مستحق فنکار آرٹسٹ سپورٹ فنڈ سے مستفید ہوسکیں گے۔

قبل ازیں مئی کےاوائل میں پنجاب حکومت نے 3 ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ کیا جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کے پیکج کی منظوری دی اور محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کا پیکج تیار کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت 3 ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرے گی اور مستحق فنکاروں کو 15 سے 20 ہزار روپے تک مالی امداد دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فنی سرگرمیاں ٹیکنالوجی کے ذریعے بحال کرنے کیلئے الحمرا آرٹس کونسل ان ایکشن

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث دیگر طبقوں کی طرح فنکاروں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کو فنکاروں کی مشکلات کا پورا احساس ہے۔ مستحق فنکاروں کی انتہائی شفاف طریقے سے معاونت کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مالی مشکلات میں گھرے فنکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ فنکاروں کی درجہ بندی کر کے انہیں جلد سے جلد امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں