کراچی: ضلع غربی کی تقسیم ہائیکورٹ میں چیلنج



کراچی: رکن قومی اسمبلی عامرلیاقت نے ضلع غربی کی تقسیم کوسندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ  ضلع غربی کی تقسیم اور ضلع کیماڑی کا قیام غیرآئینی ہے۔ ضلع کیماڑی کی تقسیم سے پہلے مقامی طور پر مردم شماری نہیں کی گئی۔ عامر لیاقت نے ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ کیماڑی ضلع کی تقسیم کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔

خیال رہے کہ سندھ کابینہ نے کراچی کے علاقے کیماڑی کو ساتواں ضلع بنانے کی منظوری دی ہے۔ کیماڑی ضلع میں سائٹ ایریا، بلدیہ، بندرگاہ اور ماڑی پور کے علاقے شامل ہوں گے۔ کراچی کے ضلع جنوبی کو تقسیم کرکے یہ نیا ضلع بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں ساتواں ضلع بنانے کی منظوری دے دی گئی

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع غربی میں7 سب ڈویژن ہیں ۔ آبادی کے لحاظ سے ضلع غربی  پورے سندھ میں بڑا ضلع ہے جس کی آبادی 39لاکھ14ہزار757 ہے جب کہ کراچی کے علاقہ لیاری کو بھی ایک نیا ضلع بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی میں اس وقت چھ اضلاع ہیں اور ساتواں ضلع کیماڑی ہوگا۔ کراچی کے چھ اضلاع شرقی، غربی، جنوبی، وسطی، ملیر اور ضلع کورنگی ہیں۔

قبل ازیں2013 میں بھی سندھ حکومت نے کراچی کو تقسیم کر کے چھٹا ضلع بنایا تھا۔ اکتوبر2013 تک کراچی ضلع شرقی، ضلع غربی، ضلع جنوبی، ضلع وسطی اور ضلع ملیر پر مشتمل تھا۔

بعد ازاں ضلع شرقی کو تقسیم کرکے چھٹا ضلع کورنگی بنایا گیا۔ کورنگی میں شاہ فیصل کالونی، ماڈل کالونی، کورنگی، لانڈھی اور گلستان جوہر کے علاقے شامل کیے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں