پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان محبت کا رشتہ ہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان محبت کا رشتہ ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  سعودی عرب نے پاکستان سے پیسے واپس مانگے نہ ہی پیٹرول بند کیا ہے۔ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کا مؤقف ایک ہی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ اسرائیل پر پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ پاکستان کا افغانستان میں امن عمل میں اہم کردار ہے جبکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی نے نئی کروٹ لے لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے لیے آواز اٹھانے کے علاوہ ہر جگہ پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنا مؤقف پیش کیا۔ مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے 5 اگست کے فیصلے کی نفی کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی معاملات زور پکڑتے جا رہے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی پابندیاں ہیں اور کشمیریوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی معیشت برباد کر دی گئی ہے اور آج بھی ہزاروں کشمیری قید میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں سب اچھا ہے کی بات کر رہی ہے اگر سب اچھا ہے تو وہاں پر بین الاقوامی نمائندوں کو کیوں جانے نہیں دیا جا رہا ؟ اور مقبوضہ کشمیر میں سرمایہ کار کہاں سے آئیں گے جب ہر جگہ بند ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں پاکستان اور چین کے درمیان اتحاد پر خوف نے جنم لیا ہے اور حال ہی میں پاک، چین اسٹریٹجک مذاکرات کا اہم دور ہوا جبکہ چین نے مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف دوٹوک انداز میں دہرایا اور بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کو یکطرفہ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ انداز میں دوطرفہ تذویراتی مفادات کے حل کے لیے کام کریں گے اور پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر دنیا کو مسلسل آگاہ رکھا اور آگاہ کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ختم ہوگیا، وزیراعظم

وزیر خارجہ نے کہا کہ قانونی اور اخلاقی لحاظ سے بھارت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان کمزور ہے، فاروق عبداللہ اور دیگر سیاسی رہنماؤں کا اعلامیہ اہمیت کا حامل ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی 6 جماعتوں نے تشخص کی بحالی تک لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے لاک ڈاؤن اور مواصلاتی بندش سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا ہوا ہے لیکن بھارت، تاریخی، قانونی اور اخلاقی اعتبار سے تنازعہ کشمیر پر اپنی ساکھ کھو چکا ہے۔


متعلقہ خبریں