ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: خراب روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا


ساؤتھمپٹن: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے چوتھے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا ہے۔

ساؤتھمپٹن کےمیدان میں کھیلے جانے والے میچ میں فالو آن ہونے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا لیے ہیں جب کہ قومی ٹیم کو 210 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود 18 اورعابد علی 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن اور براڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس وقت کریز پر کپتان اظہر علی 29 اور نائب کپتان بابر اعظم 3 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

گزشتہ روز انگلینڈ کی پہلی اننگز 583 رنز کے جواب میں پاکستان نے اظہر علی کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 273 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

انگلینڈ نے پاکستان کو فالو آن کر دیا ہے جب کہ جو روٹ الیون کو اظہر علی الیون پر 310 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان کی جانب سے اظہر علی 141، محمد رضوان 53 اور فواد عالم 21 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے پانچ جب کہ اسٹورٹ براڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز

ٹیسٹ میچ کے آغاز پر میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب روری برنز ایک بار پھر شاہین شاہ کی گیند پر سلیپ میں کیچ دے بیٹھے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد ڈوم سیبلی اور زیک کراؤلی کے درمیان 62 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کا اختتام اس وقت ہوا جب سیبلی 22 کے انفرادی اسکور پر یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

انگلش کپتان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 29 کے اسکور پر نسیم شاہ کا شکار بنے جب کہ اولی پاپ کی وکٹ یاسر شاہ لے اڑے۔

127 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد کراؤلی اور بٹلر نے جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستانی گیند بازوں کو دباؤ میں ڈالے رکھا۔

اس دوران کراولی اور بٹلر نے اپنی فارم کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پانچویں وکٹ کے لیے ریکارڈ 359 کی شراکت داری بنا ڈالی۔ کراولی 267 اور جوز بٹلر 152 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے فواد عالم، یاسر شاہ اور شاہین شاہ نے دو دو جب کہ اسد شفیق اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ میزبان ٹیم انگلینڈ نے جیتا جب کہ دوسرا مقابلہ بارش کی وجہ سے ڈرا ہو گیا تھا۔


متعلقہ خبریں