شہبازشریف، فضل الرحمان ملاقات میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق



اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے درمیان ملاقات میں دونوں نے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا وفد مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچا۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں خواجہ آصف، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق ہونے والی ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد سمیت دیگر تمام متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اپوزیشن کو متحد کرنے کے امور پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف اور امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں اس مسئلے پر بھی غور کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان پائے جانے والے فاصلوں کو کم  کیا جائے۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو اکٹھا کرکے مشاورت کریں گے۔ ہم سب مل کر بیٹھ کراے پی سی بلائیں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ اے پی سی ہوگی اور ضرور ہوگی، اس کے متعلق رہبر کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کریں گے۔

مولانافضل الرحمان نے کہا کہ باہمی مشاور ت سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ موجود ہ صورتحال کاتقاضہ ہے کہ ہم باہمی تحفظات کودور کریں۔

انہوں نے بتایا کہ  حاصل بزنجوکےانتقال کےباعث چھوٹی جماعتوں کااجلاس مؤخر کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف تحریک کے لیے اتفاق رائے ہے۔ اپوزیشن مشترکہ اور مستحکم حکمت عملی بنائے گی۔ اپوزیشن کی تقسیم ملک کے مفاد میں نہیں۔ مشترکہ اور مستحکم حکمت عملی ضرورت ہے۔حکومت کے خلاف تحریک پر ہماری یکسوئی ہے۔


متعلقہ خبریں