ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے پاکستان کو 210 رنز درکار


ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میچ میں اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے  پاکستان کو 210 رنز درکار ہیں جب کہ اس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

پاکستان اگر یہ میچ ہار گیا تو یا برابر رہا تو گزشہ دس برس میں انگلینڈ میں ٹسیٹ سیریز نہ ہارنے کا پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا ریکارڈ خراب ہو جائے گا۔ 2010 کے بعد سے پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ سیریز کھیلی ہیں جن میں سے دو متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نام رہیں جبکہ دو انگلینڈ میں ڈرا ہوئیں۔

جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو رنز بنا لیے تھے۔ شان مسعود اٹھارہ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عابد علی نے بیالیس رنز کی اننگز کھیلی۔

ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے چوتھے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا تھا۔ اس وقت کریز پر کپتان اظہر علی 29 اور نائب کپتان بابر اعظم 3 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

پہلی اننگز 583 رنز کے جواب میں اظہر علی کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت قومی ٹیم 273 رنز بنا پائی تھی۔

تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ میزبان ٹیم انگلینڈ نے جیتا جب کہ دوسرا مقابلہ بارش کی وجہ سے ڈرا ہو گیا تھا۔ تیسرے اور آخری میچ میں اب تک انگلینڈ کی گرفت میچ پر کافی مضبوط ہے۔

انگلینڈ نے پہلی اننگز میں583 رنز بنائے اور قومی ٹیم 273 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس سے میزبان ٹیم کو پاکستان پر310 رنز کی برتری حاصل تھی۔

ساؤتھمپٹن کےمیدان میں کھیلے جانے والے میچ میں فالو آن ہونے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا لیے ہیں جب کہ قومی ٹیم کو 210 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔


متعلقہ خبریں