ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 30 پاکستانی ملک بدر


استنبول: ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 30 پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا ہے۔

پاکستانی شہری پرواز ٹی کے 710 کے ذریعے استنبول سے اسلام آباد پہنچے۔

ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانیوں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا ہے۔

چند روز قبل قطر میں غیر قانونی طور پر مقیم تین پاکستانی شہریوں کو بھی ملک بدر کیا گیا تھا۔ تینوں مسافر قطر سے نجی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 632 کے ذریعے اسلام آباد  پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، کراچی کے بعد سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے۔ اسد عمر

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق روزی  خان، اقبال حسین، فواد مشتاق کو ٖفیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

قبل ازیں ایف آئی اے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے جعلی دستاویز ات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی تھی اورجعل سازی میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے سیالکوٹ کے رہائشی مسافر محمد بلاول کا ویزہ جب چیک کیا تو وہ جعلی نکلا۔

ذرائع کے مطابق مسافر محمد بلاول پرواز ای کے – 781 کے ذریعے کینیڈا جانے کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی کےخفیہ نیٹ ورک سے وابستہ ملزم گرفتار

ذرائع کے مطابق جب ایف آئی اے امیگریشن حکام نے سیالکوٹ کے رہائشی مسافر محمد بلاول سے پوچھ گوچھ کی تو اس نے بتایا کہ اس نے ایجنٹ سے ویزہ خریدا۔

محمد بلاول کے مطابق اس نے ایجنٹ کو کینیڈا کے ویزے کی خاطر 35 لاکھ روپے کی خطیر رقم ادا کی۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد بلاول کی نشاندہی پر جعلی ویزہ فروخت کرنے والے ایجنٹ کو بھی ایف آئی اے امیگریشن حکام نے گرفتار کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن حکام نے مسافر اور ایجنٹ دونوں کو گرفتار کرکے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں