کراچی:وزیراعلیٰ سندھ کامتاثرہ علاقوں کا دورہ، ریلیف آپریشن کاجائزہ



کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بارش سے متاثر ہونے والے کراچی کےعلاقے ماروی گوٹھ کا دورہ کیا ہے۔

انہوں نے حیدرآباد کالونی، ناگن موری کا بھی دورہ کیا۔ مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو اللہ وریایو سیرائی گوٹھ سے پانی کی نکاسی کی ہدایت۔ سیکریٹری پی ایچ ای کو پانی کی نکاسی کے لیے ضروری مشینری پہنچانے کی ہدایت ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے مختلف اضلاع  کا دورہ کیا ہے۔ صوبائی وزرا سید ناصر شاہ، سہیل سیال اور مکیش چاولہ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ سیکریٹری  پی ایچ ای  لئیق  احمد اور  سیکریٹری  آبپاشی رفیق  بریرو  بھی دورے میں شامل تھے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بھی گزشتہ رات دادا بھائی ٹاؤن  کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

کراچی میں مسلسل ہونے والی بارشوں سے شہر کے مختلف علاقے بری طرح متاثر ہیں۔ تجارتی اور رہائشی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور متعدد شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ پاکستان کےمعاشی حب میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ذرائع آمدو رفت اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل بیس پر تین سو پینتالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل کراچی میں انیس سو اکتیس میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ کراچی میں اگست میں ہونے والی بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: بارش میں تاجروں کا سرمایہ بھی ڈوب گیا

طوفانی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پاک فوج کا شہر میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔انجینئرز ملیر ندی سے نکلنے والے پانی کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے بعد ملیر ندی میں پانی کا بہاؤ کم ہونا شروع ہو گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوہی گوٹھ اور درمحمد گوٹھ میں 200 خاندانوں نے چھتوں پر پناہ لے رکھی ہے۔ موسم بہتر ہونے کے بعد آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالا جائے گا۔

شدید بارشوں سے ملیرندی بھی بپھرگئی ہے اورمیمن گوٹھ روڈ اولڈ تھانہ پر قائم پل پانی کے تیز بہاؤ سے ٹوٹ گیا۔ میمن گوٹھ روڈ ملیر کا لانڈھی انڈسڑیل ایریا سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا اور ندی کا پانی عرفات ٹاون اور مدینہ کالونی نیشنل ہائی وے پر پہنچ گیا۔


متعلقہ خبریں