عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے، احسن اقبال


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظمعمران خان کی نفرت قومی اداروں کی طرف بھی جا رہی ہے اور ہم ان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔

عدالت میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج کسی ایک جماعت کی نہیں پورے پاکستان کی پراپرٹی ہے، مجھے یقین ہے فوج اور عسکری اداروں کا حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے کوئی تعلق نہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کا حکومت میں آنے کا تجربہ ناکام ہوا۔ سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے فیٹیف کو شکست نہیں دی بلکہ ہم نے ایسے نظام کو شکست دی جو حکومت بلڈوز کرنا چاہتا تھا۔

نارووال اسپورٹ سٹی کمپلیکس کیس کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک سال ہو گیا لیکن نیب ریفرنس میرے خلاف دائر نہیں کر سکا۔ حیلے بہانے کر کے نیب ہر بار نئی تاریخ لے لیتا ہے۔

ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کاجرم بار بار کروں گا، کیا شراب کا پرمٹ دینا ٹھیک اور کھیلوں کامیدان بنانا کرپشن ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ آج مسلم لیگ ن کو پاکستان بنانے کی سزا مل رہی ہے۔ ہمارے خلاف ملکی ترقی کرنے کےخلاف ریفرنس بنانے گئے۔ وزیر مواصلات بتائے کہ ڈیڑھ سال قبل بنانے والی جے آئی ٹی کہاں گئی؟

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان سے کوئی این آر او نہیں مانگ رہی۔ کرپشن کی بڑی پروٹیکشن عمران خان کی حکومت کر رہی ہے اور حکومتی وزیر بڑے بڑے ٹھیکے لے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں