شہباز شریف ضمانت سے مکر گئے تو وہ نااہل ہو سکتے ہیں، سینیٹر فیصل جاوید


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ شہباز شریف ضمانت سے مکر گئے تو وہ نااہل بھی ہو سکتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی واپسی کے لیے وزیر اعظم نے کابینہ وزرا کو ٹاسک دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کی ضمانت دے چکے ہیں اور اگر شہباز شریف ضمانت سے مکر گئے تو وہ نا اہل بھی ہو سکتے ہیں۔ حکومت نواز شریف کی واپسی کے لیے قانونی راستہ اختیار کرے گی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ حزب اختلاف کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اور دیگر ملاقاتوں سے حکومت کو فائدہ ہوتا ہے۔ حزب اختلاف کی ملاقاتوں اور اے پی سی کا مقصد ہی این آر او کے لیے راہ ہموار کرنا ہے لیکن میں ایک بار پھر کہتا ہوں کہ وزیر اعظم عمران خان این آر او نہیں دیں گے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ نواز شریف کو فورا وطن واپس لانا چاہیے اور میں کسی بھی قسم کی کوئی بلیک میلنگ برداشت نہیں کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف، نواز شریف کو نہ لائے تو ریفرنس اسپیکر کو بھیجیں گے، بابر اعوان

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو وطن واپس لانے کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے۔ نواز شریف کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں