اس سال سے پاکستان میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی، فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ اس سال سے پاکستان میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی اور تین سال کے دوران ان بسوں کی مکمل مینوفیکچرنگ پاکستان میں شروع ہو جائے گی۔

ڈاؤو پاکستان اور سکائی ول کمپنی کے درمیان معاہدے کی تقریب میں بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے منزل آسان بنانی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں الکٹرک بسیں چلانے والا پہلا ملک ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسکائی وہیل اور ڈائیو کا مشترکہ معاہدہ ملک کے لیے بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنا سپیس مشن اگلے سال بھیجے گا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کورونا کیس آنے کے بعدماسک باہر سے منگوا رہے تھے لیکن اب ہم ماسک اور دیگر حفاظتی سامان میں خودکفیل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں بننے والی گاڑیوں کا معیار طے کر لیا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیربرائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بتایا کہ حکومت پاکستان میں سولر اور ونڈ کے ذریعے متبادل توانائی کے ذرائع بڑھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی منصوبہ بندی10 سال سے زیادہ نہیں ہو سکتی اور ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے ترقی کی رفتار میں تیزی لائی جائے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کار اور بس مینوفیکچررز کو اب آگے آنے کی ضرورت ہے۔ سرمایہ کاری مُلک میں تبدیلی لاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چین نجی سیکٹرز میں بھی شراکت داری کے لیے تعاون فراہم کررہا ہے۔

قبل ازیں انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ایک اور وعدے کی تکمیل کی طرف بڑا قدم، ڈاؤو پاکستان اور سکائی ول کمپنی کے درمیان پاکستان میں الیکٹرک بسیں لانے کا اسٹریٹجک الائنس آج ہوگا۔


متعلقہ خبریں