عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں کیخلاف جرائم سے روکے، دفتر خارجہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ بھارت کو کشمیریوں کیخلاف جرائم سے روکا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہدحفیظ کا میڈیا بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جاحیت جاری ہے۔غیرانسانی لاک ڈاؤن کو 388 دن ہو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فوج کےمظالم کشمیریوں کے عزم کوکمزور نہیں کرسکتے اور پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لیے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

دفترخارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں میں مزید4 کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔ ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر سے لاک ڈاوَن ختم کرے اورمقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت کورہا کرے۔ پاکستان مسئلہ کشمیرکا حل اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق چاہتاہے۔

زاہدحفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے تمام امورپرایک دوسرے کاہمیشہ ساتھ دیا اور وزیرخارجہ کےدورہ چین میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلووَں پرگفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پلوامہ حملہ: پاکستان نے بھارت کی چارج شیٹ مسترد کردی

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ گزشتہ دنوں افغان طالبان وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور وفد نے ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں 25 اگست کو وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان طالبان وفد سے مختلف امور پر گفتگوکی۔

ترجمان نے کہا کہ افغان طالبان وفد کا دورہ پاکستان افغانستان کی طرف سے مثبت اقدام تھا۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے بھی افغان امن کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کو ٹیلیفون کیا۔

وزیراعظم نے افغان مسئلہ کے سیاسی حل اور افغان فریقین کے مابین مذاکرات پر زور دیا۔ پاکستان پائیدار امن کے لیے افغان عوام پرمشتمل مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بارے میں بھارتی ایجنسی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔بھارتی ایجنسی این آئی اے نے پلوامہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنےکی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا بھارتی حکمرانوں کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی اور داخلی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے، اس طرح کے پراپیگنڈے سے بین الاقوامی رائے عامہ کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔


متعلقہ خبریں