سندھ غیر متوقع قدرتی آفت سے دو چار ہے، بلاول بھٹو زرداری


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ غیر متوقع قدرتی آفت سے دو چار ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں جاری طوفانی بارشوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سندھ نے 90 سالہ تاریخ کا بدترین مون سون دیکھا اور آج بھی سندھ میں موسلا دھار بارشیں اور سیلاب جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اس وقت غیر متوقع قدرتی آفت سے دوچار ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کی کئی اہم شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی موجود ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ شاہراہ فیصل پر مسافروں سے بھری بس پانی میں پھنس گئی، بس میں پھنسے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ناظم آباد اور غریب آباد انڈر پاس کو پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ گجر نالہ بھر جانے سے رحمان آباد اور اطراف کی آبادی میں پانی داخل ہو گیا۔ ایف بی ایریا بلاک 5 کی گلیاں اور مکانات میں کئی کئی فٹ پانی داخل ہو گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ملیر میں اسکول کی عمارتیں خالی کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے باعث ملیر اور سکھن ندی میں طغیانی کے باعث لوگ پھنس گئے ہیں۔

کرنٹ لگنے کے خدشے کے پیش نظر شہری انتظامیہ نے لوگوں کو فٹ پاتھ یا سیلابی پانی میں پیدل چلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔


متعلقہ خبریں