کراچی میں بارش کے دوران حادثات، 29 افراد جاں بحق



کراچی میں 21اگست سے اب تک  ہونے والی بارشوں سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں29 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی بارش میں مختلف مقامات پر 17 افراد جاں بحق ہوئے۔

ہم نیوز کے مطابق جاں بحق افراد میں سات وہ افراد بھی شامل ہیں جو آسمانی بجلی گرنے سے زمیں بوس ہونے والی دیوار کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔ یہ سانحہ گلستان جوہر میں پیش آیا ہے۔ اسی سانحہ میں دو افراد زخمی ہیں جنہیں علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کراچی کے عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم

پولیس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق جھیل پارک کے قریب دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے جب کہ  فیروزآباد میں موٹرسائیکل سلپ ہونے سے نوجوان دم توڑ گیا ہے۔

ہم نیوز کو علاقہ پولیس نے بتایا ہے کہ جام صادق پل کے قریب سے ایک شخص کی نعش ملی ہے جب کہ گلشن معمار میں نوجوان کی ڈوبی ہوئی نعش ملی ہے۔ نامعلوم نوجوان کی عمر تقریباً 22 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کل صوبے میں چھٹی کا اعلان کردیا

پولیس کے مطابق سکھن کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے جب کہ ڈیفنس میں بھی بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک شخص نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔

شاہ فیصل کالونی میں 45 سالہ شخص پانی میں ڈوب کر جان کی بازی ہارا ہے جب کہ ٹیپوسلطان کے قریب پانی میں ڈوب کرخاتون جاں بحق ہوگئی ہیں۔

ہم نیوز کو پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ابراہیم حیدری میں چھت سے گرکرایک خاتون جاں بحق ہوئی ہیں جب کہ پاک کالونی میں بھی ایک شخص کی پانی میں ڈوبی ہوئی نعش ملی ہے۔ علاقہ پولیس کے مطابق رام سوامی میں چھت سے گر کر ایک شخص نے اپنی جان کی بازی ہاری ہے۔

کراچی: آسمانی بجلی گرنے سے دیوار گر گئی، سات افراد جاں بحق ہو گئے

طوفانی بارشوں کے نتیجے میں جوہرموڑملینیم مال کے قریب ایک دیوار زمیں بوس ہوئی تو اس کے نتیجے میں 12 سالہ لڑکا جان کی بازی ہار گیا جب کہ قصبہ کالونی میں پانچ سالہ بچے نے داعی اجل کو لبیک کہا۔


متعلقہ خبریں