مون سون: چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں متعدد افراد جاں بحق



اسلام آباد: پاکستان کے بیشتر علاقوں میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں جس کے باعث بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

لاہورکے علاقے بند روڈ سگیاں پل کے قریب مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ کوٹ رادھاکشن میں بھی بارشوں کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرگئی جس سے میاں بیوی اور بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے۔

میر پورخاص میں سندھڑی کے قریب کنڈیاری میں بارش سے گھرمنہدم ہوگیا جس کے باعث2 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

وزیرآباد میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 2بچے ہلاک ہوئے۔ اپر کوہستان میں ایک ہی خاندان کے سات افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے جن میں سے تین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔

سوات میں بھی سیلاب سے متعدد گھروں کو پربھی نقصان پہنچا اور چھ افراد جاں بحق جب کہ8 زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں بارش کے دوران حادثات، 18 افراد جاں بحق

ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 10 افراد لاپتہ ہیں جب کہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

وزیر اعلی ٰخیبر پختونخوا نے شاہ گرام اورتیرات نالے میں طغیانی سے جانی نقصان پراظہار افسوس بھی کیا ہے۔

وزیر اعلی ٰ محمود خان نے متعلقہ اداروں کو متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپر کوہستان میں بھی بارش کے باعث سیلابی ریلے میں ڈوبنے سے 3افرادجاں بحق اور چار لاپتہ ہوگئے ہیں۔ پانی میں بہہ جانے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اپرکوہستان کے متعدد نالوں میں سیلابی ریلے سے دریائے سندھ بھی بپھر گیا ہے اور اس کے قریب رہائیشیو ں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ اپر کوہستان کی تحصیل کندیا میں سیلابی ریلے سے متعدد پن چکیاں اور پن بجلی گھر بہہ گئے ہیں۔

مون سون کی حالیہ بارشوں سے کراچی میں بھی بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان ہوا ہے۔ کراچی میں بارش کے دوران حادثات سے18 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں آسمانی بجلی گرنے سے دیوار زمین بوس ہوگئی جس کے باعث سات افراد جاں بحق ہوگئے۔


متعلقہ خبریں