کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، صدر مملکت

فائل فوٹو


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی کی صورتحال پر کہا ہے کہ پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور دیگر مسائل کو مل کر حل کرنا اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ کراچی کی صورتحال پر وفاقی اور صوبائی حکومت کا تعاون مثبت پیش رفت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر صوبے کی بحرانی کیفیت میں بہتری لا سکتے ہیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وفاق حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر تین بڑے مسائل حل کرنے جا رہی ہے۔ کراچی کی عوام کا درد پوری قوم محسوس کر رہی ہے، اس مشکل اور تباہی کے بعد ہم مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر تین بڑے مسائل حل کرنے جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ کا پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والی عمارتیں گرانے کا حکم

ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے تفصیلات بتائیں کہ نالوں سے تجاوزات ہٹانے اور صفائی کا کام شروع کیا جا رہا ہے، کراچی کے نالوں کی مکمل صفائی کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کچرے کو ٹھکانے لگانے اور سیوریج کے مسائل حل کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں