یوم عاشور: ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مرکزی جلوس اختتام پذیر


حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم عاشور پر شہر شہر نکالے جانے والے ماتمی جلوس، تعزیے، شبیہ ذوالجناح اور شبیہ علم کے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پذیرہوا۔ مرکزی جلوس میں عزاداران امام حسینؓ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی گزرگاہ پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اوراردگرد کی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند تھیں۔

راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

ہم نیوز کے مطابق کوئٹہ میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ علمدار روڈ سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں پشاورکی امام بارگاہ آغا رضی سے برآمد ہونے والا جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔

ہم نیوز کے مطابق ملتان میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس دربار شاہ شمس پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ہے۔ میرپورآزاد کشمیرمیں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

لاہور میں قدیمی شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے رات کو برآمد ہوا تھا۔ لاہور میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ڈرون استعمال کیے گئے ہیں

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا تھا۔ شہر قائد کے مختلف مقامات سے نکلنے والے تین چھوٹے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہوئے جس کے بعد  جلوس مقررہ راستوں سےہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارا در پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

پشاور میں 10 محرم الحرام کا پہلا جلوس قدیم امام بارگاہ آغا رضی سے برآمد ہوا تھا جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے نکلنے والے چھوٹے بڑے 12 جلوس شامل ہوئے تھے۔

کوئٹہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ علمدارروڈ سے برآمد ہوا تھا۔ محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں 30 دستے شامل تھے۔

ہم نیوز کے مطابق مرکزی جلوس کے موقع پر سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ نے صبح سے ہی کوئٹہ شہر میں موبائل سروس کو بند کردیا تھا۔

راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا تھا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

پاک پتن میں شب عاشور کا جلوس شہید نگر سے برآمد ہوا۔  شجاع آباد میں بھی شب عاشور کا ماتمی جلوس برآمد ہوا۔ اسکردو میں شب عاشور کی مناسبت سے مرکزی جلوس امام بارگاہ لسوپی سے برآمد ہوا۔

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مخصوص مقامات پر اختتام پذیر ہوئے ہیہں۔

یوم عاشور کے موقع پر علمائے کرام، ذاکرین، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانیوں اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔

محرم الحرام کے جلوس میں عزاداروں کو نذر و نیاز،  پانی  کی بوتلیں اور دیگر اشیا بھی فراہم کی گئیں۔ جلوس کے راستوں میں جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئی تھیں۔

ضلع رحیم یار خان میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ لنگر حسینی سے برآمد ہوا جو مغرب کے وقت امام بارگاہ لنگر حسینی پر اختتام پذیر ہوا۔

جہانیاں میں یوم عاشور مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ علم تعزیہ اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ حسینیہ سے بر آمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر انتظامیہ نے یوم عاشور کی جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی کے لیے ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں موبائل فون سروسز بھی معطل کی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں