ن لیگی رہنما امیر مقام کے گھرآتشزدگی



سوات: مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کی رہائش گاہ میں آگ لگ گئی ہے۔ بنگلے میں سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی مہمانوں کے ساتھ ٹھہرے ہوئے تھے جن کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے دوران ایک شخص زخمی ہوا جس کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ عمارت میں موجود سامان اور فرنیچر جل کرراکھ ہوگیا ہے۔

پولیس کے مطابق  مالم جبہ میں امیر مقام کی رہائش گاہ کی تیسری منزل میں آگ لگی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں موجود تمام افراد محفوظ ہیں۔

آگ مبینہ طور پر شاٹ سرکٹ کی باعث لگی جس کو بجھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ہم نیوز کے نمائندہ شیرین زادہ نے بتایا کہ اس عمارت میں مہمان قیام پذیر تھے جن کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ بجھانے کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ امیر مقام اور اہلخانہ کے بارے میں اطلاع ہے کہ وہ گزشتہ روز تک اس گھر میں موجود نہیں تھے۔

امیر مقام پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر اور کافی متحرک رہنما ہیں۔ گھر میں آتشزدگی کے متعلق ان کی جانب سے فی الحال کوئی بیان نہیں آیا۔

ہم نیوز کو ملنے والی آخری اطلاع کے مطابق آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ ریسکیو1122 کے اہلکار تاخیر سے پہنچے اور مقامی لوگوں نے بھی آگ بجھانے میں مدد کی۔

امیر مقام کی مذکورہ رہائش گاہ مینگورہ سے ایک گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ جس گھر میں آگ لگی وہ تقریبا9 ہزار فٹ کی بلندی پر سیاحتی مقام مالم جبہ کے عقب میں واقع ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں