کراچی کے مسائل جوں کے توں، بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہونے کا امکان


کراچی: شہر قائد میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ طوفانی بارشوں سے ہر طرف مسائل ہی مسائل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کراچی شہر میں ایک بار پھر اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے اور سندھ کے نشیبی علاقے دوبارہ زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب بارشوں کو ختم ہوئے چار روز گزر گئے لیکن تاحال کراچی میں مکمل  نکاسی آب نہ ہو سکی۔ شہر کے  متعدد انڈر پاسز میں اب بھی پانی جمع ہے۔

صدر پارکنگ پلازہ کے قریب نالہ ابلنے کے خدشے کے باعث  سڑک پر عارضی بند بنا دیا گیا ہے جبکہ کورنگی کازوے روڈ  چھ روز بعد بھی ٹریفک کے لیے نہ کھل سکا۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق خیابان سحر کا ایک حصہ کلیئر کرا دیا گیا ہے جبکہ پاک فوج اور پاکستان بحریہ کی ٹیمیں مشکل میں پھنسے کراچی والوں کی مدد میں مصروف ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے کراچی کے انڈر پاسز کو بھی کلیئر کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ شہرمیں اشیائے خورونوش سمیت پیٹرولیم  مصنوعات کی سپلائی چین بھی متاثر ہے۔

شہر کے متعدد  فیول اسٹیشن پر بجلی اور تیل کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی کے باڑوں سے دکانوں تک دودھ کی فراہمی  بھی متاثرہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے بیشتر شہروں میں بارش کا امکان

گزشتہ روز موسلا دھار بارش کے باعث مختلف سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ لیاقت آباد 10 نمبر پر روڈ پر گہرے گڑھے پڑ گئے ہیں جو کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ حسن اسکوائر جانے والی سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے۔

جوہر چورنگی، منور چورنگی، لیاقت آباد، کے ڈی اے کی سڑکوں پر پانی  موجود ہے۔ لانڈھی،ناگن چورنگی ، کورنگی کازوے ندی اورقائدآباد کی سڑکیں بھی زیر آب ہیں۔


متعلقہ خبریں