اسرائیل کی پہلی تجارتی پرواز آج متحدہ عرب امارات روانہ ہو گی

اسرائیل کی پہلی تجارتی پرواز آج متحدہ عرب امارات روانہ ہو گی

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے اسرائیل کی پہلی تجارتی پرواز آج چلے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معاہدے کے بعد اسرائیلی نژاد امریکی وفد تجارتی پرواز کے ذریعے تل ابیب سے ابو ظہبی پہنچے گا۔

اسرائیلی وفد ابوظہبی میں ہونے والی بات چیت شعبہ ہوابازی، سیاحت، تجارت، صحت، توانائی اور سلامتی سمیت دیگر امور پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے تبادلہ کرے گا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ ستمبر کے وسط تک متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدے پر دستخط کی تقریب واشنگٹن میں ہو گی۔

اس سے قبل 13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پایا تھا جبکہ اسرائيلی وزيراعظم بينجمن نيتن ياہو نے دعویٰ کیا کہ سفارتی تعلقات کے لیے مزید کئی عرب رياستوں کے ساتھ خفيہ مذاکرات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ دو ہفتے قبل اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک تاریخی امن معاہدہ ہوا جس بعد مشرقی وسطیٰ کے دونوں اہم ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آسکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان امن معاہدہ کرانے میں ثالث کا کردار ادا کیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کے تحت اسرائیل مغربی کنارے میں واقع فلسطین کے ان علاقوں پر دعویٰ سے دستبردار ہو گا جنہیں وہ ضم کرنا چاہتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان براہ راست ٹیلیفون سروس کا آغاز

رپورٹس کے مطابق امن معاہدہ اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے مابین طویل گفت وشنید کے بعد ممکن ہوسکا۔ خیال رہے کہ  متحدہ عرب امارت اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے والا تیسرا خلیجی عرب ملک بن گیا۔


متعلقہ خبریں