قائد حزب اختلاف شہباز شریف کراچی کا دورہ کریں گے

فائل فوٹو


لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہباز شریف 2 ستمبر کو کراچی کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

دورہ کراچی کے دوران شہباز شریف پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ شہباز شریف مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کو کراچی میں ریلیف سرگرمیاں کی ہدایات دیں گے۔

شہباز شریف نے بارشوں اور سیلابی صورتحال پر قوم سے نوافل ادا کرنے کی اپیل کر دی۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بارشوں کا سلسلہ روکنے کے لیے اللہ تعالی سے دعائیں کی جائیں۔

انہوں نے بارشوں اور سیلاب سے جانی ومالی نقصانات پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ شہبازشریف نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اداروں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مشکلات سے دوچار پاکستانیوں کی مدد ہم سب کی دینی، ملی اور قومی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں طوفانی بارشوں کے دوران کراچی شہر ڈوب گیا تھا جہاں تاحال بحالی کا کام جاری ہے جبکہ مختلف این جی اوز کی جانب سے بھی متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا کام کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کراچی میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروکار لائےجائیں گے‘

وزیر اعظم عمران خان نے بھی کراچی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دورہ کراچی کا اعلان کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے آئندہ چند روز میں خود کراچی جاؤں گا اور کراچی کے مسائل کے حل کے لیے پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں