کراچی کے مسائل کم نہ ہو سکے، پاک فوج بحالی کے کاموں میں مصروف


کراچی: شہر قائد میں مون سون کی بارشوں کے چار روز بعد بھی مسائل کم نہیں ہوئے جبکہ پاک فوج کے جوان بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔

کراچی میں مون سون کی بارش نے حکومت اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا۔ کراچی میں مون سون کی بارش کیا ہوئی شہر میں مسائل کی برسات ہو گئی۔

بارش ختم ہوئے چار روز گزر گئے لیکن شہر قائد کی گلیاں، سڑکیں اور محلے اب بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں۔ جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بہت زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔

کراچی کے علاقے اولڈسٹی ایریا کھارادر میں بھی کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے جبکہ ایوان صدر روڈ بھی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ راشد منہاس روڈ سے پانی کی نکاسی تو ہو گئی لیکن سڑکوں پر موجود بڑے بڑے گڑھوں نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: قیوم آباد سے کورنگی کراسنگ والی سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی گئی

سہراب گوٹھ انڈر پاس میں موجود پانی شہریوں کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ ڈیفنس کلفٹن کے مختلف علاقوں میں بھی تاحال پانی موجود ہے اور وہاں کے رہائشیوں نے گزشتہ روز انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

شاراع فیصل سے میٹروول جانے والی سڑک بیٹھ گئی جسے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ لیاقت آباد پل کے نیچے بھی سڑک میں بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیں جو کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

دوسری جانب کورنگی کازوے کو چار روز بند رکھنے کے بعد آج ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

شہر کے مسائل حل کرنے میں جہاں حکومت اور بلدیاتی ادارے ناکام رہے وہیں پاک فوج کے جوانوں نے شہر کے مسائل حل کرنے کا بیڑا اٹھا لیا جو مشکل میں پھنسے شہریوں کی مدد میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کے انجینئرز نے گزری کا انڈر پاس بھی کلیئر کر دیا اس کے علاوہ کے پی ٹی سوک سینٹر، محسن بھوپالی اور گولیمار کے انڈر پاسز کو کلیئر کرنے کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاق اپنا کردار ادا کرے گا، وزیر اعظم

فوجی جوان شہر میں موجود پانی کو پمپس کے ذریعے نکالنے کے علاوہ خراب گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کے کام میں بھی مصروف ہیں۔ مسائل میں گھرے افراد کو تیار کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں