بھاری فوج کی دہشت گردی، گزشتہ ماہ 20 کشمیری شہید


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے 20 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ اگست میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں خاتون سمیت 20 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

کے ایم ایس کے مطابق گزشتہ ماہ پرامن مظاہروں میں بھارتی فوج کی فائرنگ، شیلنگ اور پیلٹس کے استعمال سے 92 کشمیری شدید زخمی ہوئے۔

حریت رہنماؤں سمیت 328 کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ متعدد کشمیری نوجوانوں کو کالے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا۔

گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران سرینگر میں فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا اور ضلع پلوامہ میں بھی 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا۔ جعلی مقابلے کے دوران کشمیری جوانوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جبکہ بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں فائرنگ کر کے 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے خوف کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں جبر جاری رکھا ہوا ہے، وزیر خارجہ

20 اگست کو ہندواڑہ کے علاقے کرالگنڈ میں 2 نوجوانوں کو شہید کیا گیا اور ضلع شوپیاں کے علاقے مولو میں بھی نام نہاد آپریشن کی آڑ میں ایک نوجوان کو شہید کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مہا تیر محمد ایک بار پھر کشمیریوں کے حق میں بول پڑے

اس سے قبل بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے جعلی مقابلے کے دوران 3 مزدوروں کو شہید کر دیا تھا۔  تینوں مزدوروں کو بھارتی فورسز کی جانب سے 18 جولائی کو جعلی مقابلے میں شہید کر کے تدفین کر دی گئی تھی جو کام کی تلاش میں سرینگر گئے تھے۔ 


متعلقہ خبریں