خیبرپختونخوا: بارشوں سے 2 بچے جاں بحق، 6 افراد زخمی


پشاور: خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران چھتیں اور دیواریں گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارش سے7 گھروں کو جزوی جبکہ ایک گھر کو مکمل نقصان پہنچا۔ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بونیر اور شانگلہ میں 2،2گھروں کونقصان پہنچا۔ کرک، لوئرکوہستان، صوابی اور سوات میں ایک ایک گھر کو نقصان پہنچا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق  ضلعی انتظامیہ کو نقصان کی تخمینہ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ بندسڑکیں کھولنےکے لیےاقدامات کیے جارہے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے بعد خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں دریاؤں اور ند ی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے چکدرہ اورخوازخیلہ کے قریب رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیراخیتارکرنے کی ہدایت کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نوشہرہ اور چارسدہ کے دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد صورت حال پر نظررکھے۔ پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قر یبی رابطے میں ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں جمعرات تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، ندی نا لوں میں طغيانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ ادارے خاص طور پر ریزروئیر آپریٹرز / واٹر مینیجرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ملک کے بیشترشہروں میں آج بھی گرج چمک کےساتھ بارش متوقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب بارش ہوئی اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید برسات کا امکان ہے۔

پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیرمیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین اور حا فظ آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ  اورسرگودھا میں بھی بارش ہوگی۔ میانوالی، خوشاب، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، اوکاڑہ، ساہیوال اور بہاولنگر میں بھی بارش کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی بارش: چھتیں گرنے سے 4 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

لیہ، بھکر، راجن پور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، ملتان، بہاولپور، خانیوال، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص، پشاور، ایبٹ آباد، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ ، صوابی، مردان، نوشہرہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، ڈی آئی خان اور کرم میں بھی موسلا دھار بارش ہوگی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش سندھ کے علاقے چھور میں149 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مٹھی73، بدین 44، ٹھٹھہ 38، موہنجوداڑو 34، حیدر آباد 19، میر پور خاص 16، شہید بینظیر آباد 13 اور جیکب آباد میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں