وزیراعظم کی راوی ریور فرنٹ اربن منصوبے میں انتظامی رکاوٹ دور کرنے کی ہدایت


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پرکرنے اور انتظامی رکاوٹ دور کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

لاہور میں راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ سےمتعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لاہورکے رہائشیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کیلئے یہ منصوبہ ایک شاہکارہو گا۔ منصوبےپرپیشرفت کےحوالےسےمسلسل آگاہ رکھاجائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت تعمیرات کے شعبے کو حوصلہ افزا فروغ حاصل ہوا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نےبیرونی سرمایہ کارکمپنیوں کی منصوبےمیں دلچسپی کو سراہا۔

مزید پڑھیں: سی ڈی اے اور ہاؤسنگ اتھارٹی کی حاصل کردہ اراضی پر تعمیرات پر 2 ماہ کیلئے پابندی

اجلاس کو چیئرمین راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی انفراسٹرکچر سے متعلق تنظیمی امور پر بریفنگ دی گئی۔

اس سے قبل 18 جولائی کو وزیراعظم عمران خان نے دریائے راوی کے کنارے نیا شہر آباد کرنے والے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبے پر کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ منصوبہ پنجاب کی معیشت اور لاہور شہر کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اہم ہے۔ منصوبے سے لوگوں کو نوکریاں دینے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ پراجیکٹ سے لاہور کے رہائشیوں کیلئے پانی کی کمی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ حکومت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ہر رکاوٹ ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے ہدایت کی تھی کہ پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران ماحولیاتی نظام پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔ واٹر کنزرویشن کا خاص خیال رکھا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ منصوبے سے اسلام آباد کی طرز پر جدید اور ماڈرن سٹی کا قیام عمل میں آئے گا۔ ٹائم لائنز کے تحت منصوبے کا جلد از جلد آغاز کیا جائے۔


متعلقہ خبریں