اسلام آباد کے 5 علاقوں میں سیلاب کا خدشہ، ریڈ الرٹ جاری



اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے  اسلام آباد کے 5 علاقوں میں بارش کے سبب سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق غوری ٹاؤن فیز5، سواں گارڈن، آئی 8 اور آئی 9 میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ نالہ کورنگ کے اطراف آبادیوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق اسلام آباد میں قائم کچی آبادیوں میں بھی سیلاب آ سکتا ہے۔ اسپتالوں سمیت تمام اداروں کوبھی ہائی الرٹ کردیاگیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آبادکے علاقے گولڑہ میں 41ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ سیدپور 20 اور زیروپوائنٹ میں 25 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چکلالہ میں 17 اور شمس آباد میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا: بارشوں سے 2 بچے جاں بحق، 6 افراد زخمی

محکمہ موسمیات کے مطابق کل صبح تک بارش کاسلسلہ شدت کےساتھ جاری رہے گا۔ کل بارش کےسلسلے کی شدت میں کمی آجائے گی۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں جمعرات تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، ندی نا لوں میں طغيانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ ادارے خاص طور پر ریزروئیر آپریٹرز / واٹر مینیجرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔


متعلقہ خبریں