کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، 5 روز بعد بھی مسائل برقرار


کراچی: شہر قائد میں طوفانی بارشوں کے 5 روز بعد بھی نکاسی آب کا کام مکمل نہ ہو سکا جبکہ نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن آج کیا جا رہا ہے۔

ضلع وسطی میں انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں اعلانات کے ذریعے مکینوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گجر نالے سے تجاوزات کا مرحلہ وار خاتمہ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں کمرشل تجاوزات گرائی جائیں گی۔

تجاوزات کے خلاف بیک وقت تین مقامات پر ایک ساتھ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

گجر نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا۔ مکانات خالی کرانے کے اعلانات پر ناظم آباد نمبر چار کی سڑک کو شہریوں نے احتجاجاً بند کر دیا اور مکانات مسمار کرنے کا فیصلہ واپس  لینے کا مطالبہ کیا تاہم پولیس سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم ہو گیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی نکاسی کا کام کیا جا چکا ہے تاہم اب بھی کئی علاقوں میں پانی موجود ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ اس وقت دو روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں اور انہوں نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا جبکہ کور ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف کو کراچی کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی بارش کا امکان

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شہر اس طرح کی قدرتی آفت کا مقابلہ نہیں کرسکتا اور ہمارا مسئلہ وسائل نہیں ترجیحات کو درست کرنا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان بھی جمعہ کو کراچی کا دورہ کریں گے اور سندھ حکومت کو آن بورڈ لے کر بڑے منصوبوں کا اعلان کریں گے۔


متعلقہ خبریں