ڈریپ کی وینٹی لیٹرز بنانے والی دوسری کمپنی کی منظوری


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اعلان کیا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے وینٹی لیٹرز بنانے کے لیے دوسری کمپنی کی منظوری دے دی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ کراچی کی کمپنی کے ڈیزائن کو صنعتی بنیادوں پر پیداوار کے لیے منظور کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے مقامی طورپر تیار کردہ وینٹی لیٹرز کے پیداواری پلانٹ کا افتتاح کر دیا

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور پیداواری لائن اور وینٹی لیٹرز برآمد کرنے کی اجازت  دی جائے گی۔

چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے آج مقامی طور پر تیار کردہ وینٹی لیٹرز کے پیداواری پلانٹ کا افتتاح کیا تھا۔

اس ضمن میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خود انحصاری کے ساتھ ٹیکنالوجی میں جدت لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے کسی بھی اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان وینٹی لیٹر بنانے والے ممالک میں شامل

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کو فعال رکھنے کیلئے ہماری سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کی بڑے پیمانے پر پذیرائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہماری توجہ کا محور صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات ہوں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے ہماری حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاوَن کی حکمت عملی کو وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے، حکومت کی توجہ اب صحت کے شعبے میں اصلاحات پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ائیر کولر چلانے کیلئے اہلخانہ نے وینٹی لیٹر بند کر دیا، کورونا مریض جاں بحق

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،ہم لوگوں کی ذہانت سے فنی مہارت کے ذریعے خود انحصاری کی منازل طے کریں گے۔

وزیراعظم نے این آر ٹی سی اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز کی تیاری پاکستان کےلیے ایک اہم کامیابی ہے۔


متعلقہ خبریں