کراچی نہیں تمام شہروں کے مسائل اجاگر کیے جائیں، سعید غنی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ صرف کراچی نہیں بلکہ جہاں جہاں تباہ کاریاں ہوئی ہیں سب کے مسائل اجاگر کیے جائیں۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے جبکہ وفاق پر سندھ سمیت دیگر صوبوں کی بھی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں سے تباہ کاریاں ہوئی ہیں لیکن صرف کراچی نہیں جہاں جہاں تباہ کاری ہوئی سب کے مسائل اجاگر کیے جائیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ کراچی میں دیگر شہروں کی نسبت اگر مسائل ہیں تو وسائل بھی دستیاب ہیں لیکن وفاق اگر سندھ کو فنڈز دے تو وہ معاملات میں مداخلت نہیں ہوتی اور ہم نے 10 ارب ڈالر نہیں مانگے صرف مسائل کے حل میں تعاون کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس تھری اور کے فور کا منصوبہ فنڈز نہ ہونے کے باعث رکے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی شدید طوفانی بارشوں کے بعد اب کئی مسائل میں گھرا ہوا ہے جس کے بعد حکمران اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما کراچی کا دورہ کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کراچی کے دورے پر پہنچے اور اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے 10 ہزار افراد کو بلاسود قرض دینے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارا مسئلہ وسائل کی دستیابی نہیں،ترجیحات کو درست کرنا ہے: جنرل باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کراچی کے دورے پر ہیں۔ آرمی چیف نے کراچی کا فضائی دورہ بھی کیا۔

وزیر اعظم عمران خان جمعہ کو کراچی کے دورے پر پہنچیں گے اور مختلف پیکجز کا اعلان کریں گے۔


متعلقہ خبریں