پارلیمنٹ کے کردار کے بغیرپائیدار ترقی ناممکن، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ترقیاتی اہداف میں پارلیمنٹ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اسی مقصد کے لیے پارلیمانی ٹاسک فورس بھی بنائی گئی ہے۔

ماں اور بچے کی صحت سے متعلق آگاہی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار ترقی کے حوالے سے اہداف کا حصول انتہائی اہم ہے، پاکستان کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ملکی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جہاں پارلیمنٹ میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز (ایس ڈی جی) سیکرٹریٹ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے پارلیمانی ٹاسک فورس بنائی گئی ہے جس نے گزشتہ تین سالوں میں کئی اقدامات اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے۔

مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ پارلیمانی ٹاسک فورس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے۔ پارلیمنٹ کے کردار کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن ہے۔

وزیرمملکت نے مزید کہا کہ بچوں میں غذائی قلت کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ کو پولیو اور دیگر معاملات کے لئے کردار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی صحت مراکز (بی ایچ یو) کام کررہے ہیں۔ ان مراکز کو بڑے طبی مراکز کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں