مصری فٹبالر محمد صالح کے لئے مکہ میں پلاٹ کا تحفہ


سعودی عرب:  مکہ کے ڈپٹی مئیر فہدالروقی نےفٹبال کے مصری کھلاڑی محمد صالح کو ایک پلاٹ تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

محمد صالح کو یہ تحفہ ڈپٹی میئر مکہ فہدالروقی کی جانب سے فٹبال کی پریمیئر لیگ میں سال کا بہترین کھلاڑی منتخب ہونے پر دیا گیا ہے۔

مصری فٹبالر کو مانچسٹر سٹی کے تین کھلاڑیوں کیوں ڈی برونی، لیوارائے سانے اور ڈیوڈ سلوا سے سخت مقابلے کے بعد سال کا’ بہترین کھلاڑی‘ قرار دیا گیا۔

انہیں یہ اعزاز ’پیشہ ور فٹبال کھلاڑیوں‘ کی انجمن نے دیا ہے۔

فہدالروقی کے مطابق مصری کھلاڑی ملنے والا پلاٹ مسجد یا گھر بنانے کے لئے استعمال کرسکتے ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ مصری کھلاڑی اس بات کے بھی مجاز ہیں کہ اگر وہ پلاٹ فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم ذاتی استعمال میں لے اؔئیں۔

فہدالروقی نے کہا کہ ہمیں مصری کھلاڑی پر فخر ہے اور پلاٹ کا تحفہ ایسے معروف کھلاڑی کے لئے ہے جوبے لوث کاموں کی وجہ سے مشہور ہیں۔

گزشتہ جون میں اپنے پرانے کلب روما سے علیحدگی اختیار کرنے والے محمد صالح کو مذہبی رواداری اوراعلیٰ اخلاقی اقدار کے سفیر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

برطانوی مسلمانوں میں مثبت رول ماڈل کی شناخت کے حامل محمد صالح کے اپنے آبائی شہر بسیوں میں ایک اسکول کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

محمد صالح 36.9 ملین پاؤنڈز فیس کے عوض لیورپول کی نمائندگی کررہے ہیں، اپنے پہلے سیشن میں 41 گول کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

مصری فٹبالر محمد صالح اپنے پرانے کلب روما کے خلاف بھی ایکشن میں گزشتہ روز نظر آئے ہیں۔


متعلقہ خبریں