بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند شاہراہ قراقرم کو دوبارہ کھول دیا گیا


اسلام آباد: بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔

ایف ڈبلیو او کے مطابق شاہراہ ریشم چلاس اور کوہستان کے درمیان سازین، بشام، پٹن اور تھلیچی کے مقام پر بند ہو گئی تھی۔

ایف ڈبلیو او نے فوری طور پر بھاری مشینری کے ذریعے سڑک سے ملبہ ہٹا دیا اور شاہراہ ریشم ٹریفک کو دوبارہ کھول دیا۔

مزید پڑھیں: سوات: بارشوں سے مختلف حادثات میں 5افراد جاں بحق

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے  شاہراہِ قراقرم کئی مقامات پر بند ہوگئی تھی اور مسافر اور گاڑیاں بھنس گئی تھیں۔ متعلقہ حکام اور ایف ڈبلیو او کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا تھا۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں چلاس اور تھلیچی کے مقامات پر بارشوں اور سیلاب کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی جس کے بعد رائیکوٹ پُل بلاک ہوا تھا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بدھ کو موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے باعث گرمی اور حبس کی شدت ختم ہو گئی۔ سندھ، کشمیر، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش پنجاب کے علاقے جوہر آباد میں 154 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ نور پور تھل میں 126 ملی میٹر، اٹک میں 114 ملی میٹر، سرگودھا میں 93 ملی میٹر، کروڑ لیہ میں 85 ملی میٹر، چکوال میں 87 ملی میٹر، اسلام آباد میں 79 ملی میٹر، بھکر میں 56 ملی میٹر، بہاولپور میں 55 ملی میٹر، ملتان میں 53 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں